قومی فاسٹ بولر حارث رؤف 5 برس سے ٹی 20 کرکٹ میں مسلسل سرفہرست

Published On 27 June,2025 09:08 pm

لاہور:(ویب ڈیسک ) قومی فاسٹ بولر حارث رؤف گزشتہ 5 برس سے ٹی 20 کرکٹ میں مسلسل پہلے نمبر پر ہیں۔

اعداد و شمار ثابت کرتے ہیں کہ حارث رؤف گزشتہ 5 برسوں کے دوران ٹی 20 فارمیٹ کے بہترین فاسٹ باؤلر ہیں، پاکستان کے لیے اور دنیا بھر کی بڑی فرنچائزز کے لیے کھیلتے ہوئے انہوں نے نہ صرف خود کو منوایا بلکہ کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

حارث رؤف نے اپنے مختصر مگر شاندار کیریئر میں تیزی سے ترقی کی ہے اور آج وہ دنیا کے خطرناک ترین فاسٹ باؤلرز میں شمار ہوتے ہیں، 31 سالہ حارث رؤف وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر ہوتے جا رہے ہیں، اور ہر پہلو میں اپنے ہم عصروں سے آگے نکل چکے ہیں، خواہ بات وکٹوں کی ہو، اوسط کی یا اکانومی ریٹ کی۔

 حالیہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ پانچ برسوں میں حارث رؤف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ کامیاب پیسر رہے ہیں، انہوں نے 206 میچوں میں 278 وکٹیں حاصل کی ہیں، ان کی اوسط 22.35 اور اکانومی ریٹ 8.49 ہے، جو کہ اس فارمیٹ میں ایک غیر معمولی کارکردگی تصور کی جاتی ہے۔