شوہر نے ظلم تو کیا ہی، پولیس نے بھی کوئی کسر نہ چھوڑی، اسما نے سب بتا دیا

Last Updated On 28 March,2019 02:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دوستوں کے سامنے رقص نہ کرنے پر ڈیفنس میں شوہر نے اخلاقیات کو ہی بھلا دیا۔ دوستوں کے ساتھ مل کر بیوی کا سر مونڈ ڈالا اور پلاسٹک پائپ سے بہیمانہ تشدد کیا۔ آئی جی پنجاب کے نوٹس کے بعد ملزم میاں فیصل اور دیگر ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسما ماڈل ٹاؤن کچہری میں پیش ہوگئی ہے۔ معاملہ اٹھانے پر اسما نے لاہور نیوز کا شکریہ ادا کیا ہے۔ متاثرہ خاتون اسما کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر فیصل غیر مردوں کو گھر بلاتا اور ان کے سامنے ناچنے پر مجبور کرتا، ڈانس سے انکار پر تشدد کرتا اور گالم گلوچ کر کے ہراساں کرتا تھا۔

اسما کا کہنا تھا کہ جب وہ پولیس کے پاس گئی تو اس کی بات نہیں سنی گئی اور میڈیکل کیلئے مجھ سے پیسوں کا مطالبہ کیا گیا، اور کہا گیا کہ 5 ہزار دیں گی تو آپکا میڈیکل ہوگا۔ اسما نے مزید کہا کہ میرے ساتھ ایک خاتون تھی جس نے 5 سو روپے دے کر میرا جتنا بھی میڈیکل ہو سکتا تھا وہ کروایا اور جب میں میڈیکل کروا کر آئی تو سب پولیس والے مجھ پر ہنس رہے تھے اور جب میں میڈیکل رپورٹ لینے گئی تو پولیس والوں نے میری میڈیکل رپورٹ چھپا لی اور کہا کہ 5 ہزار دیں گی تو رپورٹ ملے گی۔

اسما نے لاہور نیوز کو مزید بتایا کے 25 تاریخ کو ایف آئی نہیں کاٹی گئی تھئ یہ سب میڈیا پر آنے کے بعد ہوا ہے۔ میں اگر میڈیا پر نہ آتی تو میری کوئی نہ سنتا، میرا شوہر تو کپڑے پہن کر تیار بیٹھا تھا کہ میں نے میڈیا پر آنا ہے۔ اسما نے التجا کی کہ میں ماڈل ٹٓاون کچہری اس لئے آئی ہوں کہ اپنی ایف آئی آر کو ٹھیک کرواؤں اور جو جو ظلم میرے ساتھ ہوا ہے وہ سب بیان کروں اور میرے شوہر کا وہ حشر ہو کہ آئندہ کوئی بھی بندہ اپنی بیوی کے ساتھ ایسا سلوک کرنے سے ڈرے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم میاں فیصل نے اپنے ملازم راشد علی کے ہمراہ خاتون پر تشدد کیا تھا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے آلہ واردات بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
 

Advertisement