پسنی: (دنیا نیوز) پاکستان کوسٹ گارڈ نے پسنی شیری شیپ کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 کروڑ 21 لاکھ ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کر لی، ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔
پاکستان کوسٹ گارڈ نے بلوچستان کے علاقے پسنی شیری شیپ کے قریب کارروائی کر کے کروڑوں روپے کی منشیات برآمد کر لی، کارروائی بیش قیمت منشیات اسمگل ہونے کے خدشے کے پیش نظر کی گئی، ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق کارروائی کے دوران موبائل گشت کو دیکھ کر اسمگلرز رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اونٹوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔
اونٹوں کی تلاشی کے دوران 1580 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی، پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں 5 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ ہے تاہم منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔ ڈی جی پی سی جی نے متعلقہ کمانڈرز کو علاقے میں چیکنگ سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔