کوئٹہ : (دنیا نیوز) کوئٹہ میں ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑنےوالوں کےخلاف کاروائی کادائرہ کاروسیع کر دیا گیا۔ حکومت نے دوران ڈرائیونگ خلاف ورزی کرنے والوں کو کئے جانے والے جرمانے کی رقم میں کئی گنا اضافہ کر دیا۔
کوئٹہ میں ٹریفک کے بہائو میں ماضی کے مقابلے میں کئی گنااضافہ ہوگیا، جوں جوں گاڑیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، اسی تناسب سے قوانین کی خلاف ورزی بھی معمول بن چکی ہے۔ ڈرائیورز کو دوران ڈرائیونگ ٹریفک کے 63 قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے پر جرمانہ ہو سکتا ہے۔
حکومت نے اب جرمانےکی رقم میں کئی گنا اضافہ کردیا۔ گاڑی پر کالے شیشے لگانے پر جرمانہ 400 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار، بس کی چھت پر سواری بٹھانے پر 700 سے بڑھا کر 5 ہزار اور کم عمری میں ڈرائیونگ کرنے پر 400 سے بڑھاکر 6 ہزار روپے عائد کر دیا گیا ہے۔
عوام کو نئےجرمانے رائج کئے جانے کے بعد آگاہ نہ کرنے پر ٹریفک پولیس اہلکاروں سےلوگوں کا الجھنا معمول بن گیاہے۔ شہر میں ان کی گاڑیوں کی تعداد بھی کم نہیں جن پر کالے شیشوں کے ساتھ ساتھ غیرنمونہ نمبر پلیٹیں لگی ہوئی ہیں جو باثر افراد کے زیراستعمال ہیں۔