ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں پولیس کی غیر موٗثر حکمت عملی کے باعث جرائم کی شرح اپنے عروج پر ہے، درجنوں تھانوں میں تعینات ہزاروں پولیس اہلکار بھی شہر کو کرائم فری بنانے میں ناکام ہیں۔
شہر کے اکتیس تھانوں میں تعینات پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود ڈکیتی، راہزنی، قتل، اغوا برائے تاوان جیسی سنگین وارداتیں روز بروز بڑھ رہی ہیں، نئی گاڑیاں اور جدید اسلحہ سے لیس پولیس کی نفری ایلیٹ فورس کے اہلکار اور ڈولفن فورس کے محافظ شہر میں موجود شرپسند عناصر کی سرکوبی میں ناکام ہیں جس پر اب شہری بھی تشویش میں مبتلا ہیں۔
ملتان میں گلگشت، نواب پور روڈ اور بوسن روڈ سے ملحقہ علاقے جرائم کا گڑھ بن چکے ہیں جہاں پر دن دیہاڑے سنیچنگ اور ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں سمیت تاجروں کو بھی خوف میں مبتلا کر رکھا ہے تاہم سی پی او کیمطابق جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے جامع حکمت عملی بنا لی ہے۔
جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے کنٹرول اور شرپسند عناصر کے خاتمے کیلئے پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے جس سے شہر میں امن کی فضا کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔