لودھراں: (دنیا نیوز) لودھراں میں 2 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 5 ڈاکو ہلاک ہو گئے، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او لودھراں کے مطابق سی آئی اے اور تھانہ سٹی پولیس ڈاکوؤں کے گینگ پر کام کررہی تھی آج ان کی لودھراں آنے کے حوالے سے پولیس کو اطلاع ملی تو پولیس نے اڈہ پرمٹ چوک پر ناکہ بندی کرلی اور جیسے ہی ایک مہران کار جس میں 6 مسلح افراد سوار تھے کو روکا تو انہوں نے ناکے پر کھڑے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس سے 2 پولیس اہلکاروں اور دو راہگیروں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او کے مطابق جوابی فائرنگ سے کار میں سوار 2 ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ چار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ صدر لودھراں کے علاقے میں ہوا،سلیم نامی شخص نے پولیس 15 پر کال کی کہ 5 مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اس سےموٹر سائیکل چھین لی ہے۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو ڈاکووں نے پولیس پر فائرنگ کردی جب فائرنگ رکی تو پولیس نے دیکھا کہ 3 ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے پڑے ہیں جبکہ دو ڈاکو فرار ہوگئے ہیں دونوں واقعات میں فرار ہونے والے ڈاکوں کی تلاش کے لیے پولیس ٹیمیں ان کا تعاقب کررہی ہیں۔
ڈی پی او عبدالرؤف بابر کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت کی جارہی ہے۔ ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔