لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں آئس کے عادی نشئی نے اپنے والدین اور بہن سمیت 5 افراد کو فائرنگ کر کے موت کے گھات اتار دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
نشے نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، لاہور کے علاقے ٹاون شپ میں آئس کے نشے میں دھت ملزم عابد مسلح ہو کر گھر آیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر اس کے والدین، بہن، خالہ اور بھانجا موقع پر جاں بحق جبکہ وہاں موجود ملزم کا سسر شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ ان لوگوں نے اس کے بیٹے پر تشدد کیا تھا۔
ریسکیو عملے نے زخمی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ لاشوں کو بھی قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔