پشاور: (دنیا نیوز) پشاور شہر کے مصروف ترین بازاروں میں تجاوزات ایک بار پھر بڑھ گئیں، قانون سازی کے باوجود قبضہ مافیا کو ختم نہ کیا جا سکا، بازاروں میں شہریوں کے لیے پیدل چلنا بھی محال ہو گیا۔
پشاور کو تجاوزات سے پاک کرنے کے دعوے پورے نہ ہو سکے، شہر کے مصروف ترین بازاروں میں تجاوزات ختم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گئیں۔ شہر میں مصروف ترین شاہراہوں سمیت اندرون شہر کے علاقوں قصہ خوانی، خیبر بازار، ہشت نگری ، گھنٹہ گھر، فقیر آباد، جناح پارک روڈ اور دیگرمصروف ترین بازاروں میں تجاوزات مافیا نے پنجے گاڑ رکھے ہیں، شہری کہتے ہیں حکومت تجاوزات کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے۔
تجاوزات کے خاتمے کیلئے حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت 5 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا لیکن اس پربھی عملدرآمد نہیں ہو رہا۔