کراچی : فائرنگ کے مختلف واقعات، 2 افراد جاں بحق

Published On 05 August,2023 03:40 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن غازی گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت فاروق کے نام سے ہوئی، مقتول غازی گوٹھ میں قائم اپنے چائے کے ہوٹل پر موجود تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان آئے اور فاروق سے جھگڑا کیا اسی دوران ایک ملزم نے فائرنگ کردی جس سے فاروق موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

دوسری جانب بفرزون میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ارشاد نامی شہری کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتول گلی کے کونے پر کھڑا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اس سے لوٹ مار کی کوشش کی، مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے ارشاد شدید زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

ادھر کورنگی نمبر 5 کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے شہری کو زخمی کردیا جس کی شناخت عقیل کے نام سے ہوئی اور اسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔