3 ارب کی جعلی پنشن کا سکینڈل، عدالت نے 3 ملزموں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیا

Published On 03 February,2025 11:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) احتساب عدالت تین ارب روپے سے زائد کی جعلی پنشن کا سکینڈل، عدالت نے سابق ڈی جی ایگریکلچر امداد میمن سمیت 3 ملزموں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے امداد میمن، محمد اشرف مزنانی اور انوپ کمار کی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے حکم دیا کہ تینوں ملزموں پر جتنی کرپشن کا الزام ہے اتنی ہی رقم بطور ضمانت جمع کروائیں۔

وکیل بیرسٹر حسن خورشید نے عدالت کو بتایا کہ تینوں ملزموں پر 66، 66 ملین روپے کی کرپشن کا الزام ہے، ملزم امداد میمن گردے کی تکلیف کے عارضے میں مبتلا ہے۔

وکیل کے مطابق ملزم امداد میمن کا جیل میں علاج ممکن نہیں ہے، میڈیکل بورڈ نے بھی تصدیق کی ہے، ملزم اشرف مزنانی کی اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے علاج جاری ہے۔

وکیل احمد شاہ میر نے کہا کہ ملزم انوپ کمار گردوں کے مرض میں مبتلا ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ جعلی پنشن کیس میں 83 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، ملزمان نے قومی خزانے کو 3 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے۔