مصطفیٰ قتل کیس: ملزم نے عدالت میں اعتراف جرم کرلیا

Published On 15 February,2025 05:36 pm

کراچی :(دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت میں مصطفی اغواء قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہیں۔

ملزم نے دوران سماعت فاضل جج کے روبرو جرم کا اعتراف کرلیا، دوران سماعت جج نے ملزم سے استفسار کیا کہ آپ کوپولیس نے مارا ہے ، جس پر ملزم شیراز کا کہنا تھا کہ مجھے پولیس نے نہیں مارا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آپ پر اغواء اورقتل کا الزام ہے ، واقعہ کیا ہوا تھا جس پر ملزم نے بیان دیا کہ مصطفیٰ ارمغان کے گھرڈیفنس آیا تھا وہاں ہمارا اس سے جھگڑا ہوا اور ہم نے اس پر تشدد کیا، تشدد کے بعد مصطفی کو مارا اور اس کی گاڑی میں ہی اسے حب لے گئے۔

عدالت نے بیان قلمبند کرنے کے بعد آئندہ سماعت پر مقدمہ کی پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او درخشاں سمیت 4اہلکار معطل
دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او درخشاں اور انویسٹی گیشن آفیسر درخشاں سمیت تین افسران کو معطل کردیا۔

معطل ہونے والوں میں ایس ایچ او درخشاں عبدالرشید ، ایس آئی او ذوالفقار کو ودیگر شامل ہیں۔