معمولی تلخ کلامی پر بھتیجے نے کلہاڑیوں کے وار سے چچا اور چچی کو قتل کر ڈالا

Published On 25 June,2025 09:01 pm

وزیرآباد: (دنیا نیوز) وزیرآباد کی تحصیل علی پور چٹھہ کے نواحی گاؤں مدرسہ چٹھہ میں بھتیجے نے کلہاڑی کے وار کر کے حقیقی چچا اور چچی کو قتل کر دیا ۔

پولیس کے مطابق تحصیل علی پور چٹھہ کے نواحی گاؤں مدرسہ چٹھہ کے رہائشی قمر زمان کا 20 سالہ بھتیجا محمد کیف کچھ عرصہ سے نواحی علاقے نوکھر سے آ کر اپنے چچا کے گھر میں رہائش پزیر تھا۔

اہل محلہ کے مطابق ملزم کا چال چلن درست نہ ہونے کے باعث اس کی چچی شازیہ بی بی نے اس کی سرزنش کی اور کہا کہ ہمارے گھر سے چلے جاؤ، جس پر ملزم کیف نے طیش میں آ کر کلہاڑیوں کے وار سے اپنے چچا اور چچی پر حملہ کر دیا اور پے در پے وار کر کے دونوں کو شدید زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق شازیہ بی بی موقع پر ہی جبکہ قمر زمان ہسپتال منتقلی کے دوران جاں بحق ہو گیا، مقتولین پانچ بچوں کے والدین تھے، ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس تھانہ علی پور چٹھہ نے لاشیں سول ہسپتال وزیرآباد منتقل کر دی ہیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔