لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں رات گئے سی سی ڈی کے اہلکاروں اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلوں کے دوران زیرِ حراست 5 ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں رفاقت، شاہد اکرام، زاہد، نادر افضال اور کامران اقبال شامل ہیں، تمام ملزمان مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژن کی پولیس حراست میں تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی اہلکار ملزمان کو ریکوری کے لیے لے کر جا رہے تھے کہ اسی دوران ان کے ساتھیوں نے زیرِ حراست افراد کو چھڑوانے کے لیے اچانک حملہ کر دیا، پولیس کی جوابی فائرنگ میں پانچوں ملزمان ہلاک ہو گئے جبکہ سی سی ڈی کے اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان منشیات فروشی سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے، سی سی ڈی ٹیم نے پانچوں ملزمان کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے مردہ خانہ منتقل کر دی ہیں۔



