اسلحہ سمگل کرنے میں قید 4 پولیس اہلکاروں کی سزا کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ آگیا

Published On 09 December,2025 06:39 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے غیر قانونی طور پر اسلحہ سمگل کرنے کے کیس میں قید 4 پولیس اہلکاروں کی سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ جاری کر دیا۔

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے تحریری درخواست پر سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کیا، عدالت نے 4 پولیس اہلکاروں کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اجمل صادق، ندیم، بصیر اور اسد اللہ پولیس گاڑی میں اورکزئی سے درہ آدم خیل غیر قانونی طور پر اسلحہ سمگل کر رہے تھے۔

فیصلے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 13 دستی بم، روسی اور چینی ساختہ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوئی تھی۔

ملزمان کے خلاف تھانہ استرزئی کوہاٹ میں مقدمہ درج ہوا ہے، ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا کوہاٹ سیشن کورٹ نے سنائی ہے، جس کے خلاف ملزمان نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

فیصلے کے مطابق وردی میں ملوث کالی بھیڑوں کا خاتمہ ضروری ہے، ایسے افراد کی موجودگی میں عوام کا تحفظ ممکن نہیں، عدالت نے چاروں ملزمان کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج کر دیں۔