گوجرانوالہ :(دنیا نیوز) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کریک ڈاؤن کے دوران یونان کشتی حادثہ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 انسانی سمگلر گرفتار کرلیے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ نے کارروائی کی اور سمندر کے راستے مائیگرنٹ سمگلنگ، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 اشتہاری ملزمان گرفتار کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں 2024 یونان کشتی حادثہ میں ملوث اشتہاری خادم حسین راجہ بھی شامل ہے، جو دو مختلف 2 مقدمات میں مطلوب تھا۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ اشتہاری ملزم خادم حسین نے درخواست دہندہ کے بیٹے اور عزیز کو سپین بھجوانے کے بہانے رقم ہتھیائی، ملزم نے متاثرین کو موریطانیہ بھجوایا اور بعد ازاں اِن پر تشدد کر کے مزید رقوم بھی حاصل کرتا رہا۔
اِسی طرح اشتہاری ملزم خادم حسین نے بعد ازاں ان کو سپین بھجوانے کی غرض سے کشتی میں سوار کیا جو کہ حادثہ کا شکار ہو گئی،انسانی سمگلر نے مجموعی طور پر 65 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔
دوسری جانب گرفتار اشتہاری ملزم محمد جاوید اقبال نے شہری کو یوگینڈا بھجوانے کا جھانسہ دیکر رقم مبلغ 2 لاکھ 60 ہزار روپے ہتھا لیے تھے، ملزم محمد جاوید اقبال سال 2019 سے مطلوب تھا، ملزمان کو گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔



