کراچی: (روزنامہ دنیا) سندھ ہائی کورٹ نے ٹی وی ڈراما سیریل ‘‘میرے پاس تم ہو’’ میں خواتین کی کردار کشی کے الزام کے تحت دائر درخواست پر سیریل کے اہم کردار ہمایوں سعید کو 13 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا
فاضل عدالت نے پیمرا اور دیگر مدعا علیہان کو آئندہ سماعت کے لیے نوٹس بھی جاری کر دیئے ۔ بدھ کو جسٹس محمد علی مظہر (سربراہ) اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل بینچ نے ثنائسلیم کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ہمایوں سعید خود وضاحت کریں کہ انہوں نے ایسے مکالمے کیوں ادا کیے ۔ ڈرامے کے خلاف لاہور میں بھی درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ڈرامے میں خواتین کی کردار کشی کی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ڈراما مانیٹرنگ کا کوئی طریقہ ہے ؟ کوئی اِن ہاؤس سینسرشپ بھی ہے ؟ عدالت نے درخواست گزار سے بھی استفسار کیا کہ کیا آپ کو آخری قسط پر بھی کوئی اعتراض ہے ۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آخری قسط پر کوئی اعتراض نہیں۔ پیمرا نے عدالت کو بتایا کہ ہماری پالیسی ہے کہ ڈرامے کی زبان اور منظر نگاری اخلاق کے دائرے میں ہو