'فحاشی سے متعلق بیان واپس لیں ورنہ آپ میرے وزیراعظم نہیں'

Published On 09 April,2021 02:50 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فحاشی سے متعلق اپنا بیان واپس لیں ورنہ آج کے بعد وہ انہیں اپنا وزیراعظم نہیں مانیں گی۔

آمنہ الیاس نے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم کے حالیہ فحاشی سے متعلق بیان پر کہا میری وزیراعظم سے درخواست ہے کہ براہ مہربانی اپنی بات کی وضاحت کریں، جتنا فوکس آپ نے ولگیریٹی (فحاشی) پر کیا ہے اگر اس کا 50 فیصد بھی آپ قانون پر کریں گے تو یقیناً فرق پڑے گا۔

اداکارہ نے کہا جناح اور بھٹو کے بعد صرف آپ وہ وزیراعظم ہیں جن کی بات پورا پاکستان سنتا ہے ۔ آپ نے کہا ارطغرل دیکھو پورے پاکستان نے دیکھا ، آپ نے کہا فلاں کتاب پڑھو پورے پاکستان نے پڑھی ۔ تو آپ کے اس بیان سے کتنا نقصان ہونے والا ہے آپ کب اس بات کا احساس کریں گے۔

آمنہ الیاس نے عمران خان کو ووٹ دینے کا مقصد بتاتے ہوئے کہا مجھے لگتا تھا کہ آپ مودی اور ٹرمپ کی طرح غیر ذمہ دار نہیں ہیں اس لیے آپ کو ووٹ دیا تھا۔ آپ کو ویسے بھی یوٹرن لینے کا بہت شوق ہے تو براہ مہربانی اپنا بیان واپس لیں، ورنہ کم از کم میرے لیے آج سے آپ میرے وزیراعظم نہیں ہیں۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی عوام سے براہ راست بات چیت کے دوران ملک میں زیادتی کے بڑھتے واقعات کے بارے بیان پر سوشل میڈیا پر ایک جنگ چھڑ گئی تھی۔ کئی معروف خواتین سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں نے وزیراعظم عمران خان کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان سے بیان واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
 

Advertisement