لاہور: (ویب ڈیسک) صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف گلوکار سنی بینجمن جان المعروف ایس بی جان کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 87 سال کی عمر میں چل بسے۔
تفصیلات کے مطابق ایس بی جان قیام پاکستان سے قبل ہی کراچی میں پیدا ہوئے تھے اور وہ وہیں پلے بڑھے، انہوں نے شہر قائد سے ہی تعلیم حاصل کی۔ قیام پاکستان کے فوری بعد انہوں نے گلوکاری کا آغاز کیا اور پہلی بار 1950 کے بعد انتہائی کم عمری میں ہی انہوں نے ریڈیو پاکستان میں آواز کا جادو جگایا۔
ایس بی جان کے دادا بھی موسیقی سے وابستہ تھے اور انہیں بچپن سےہی موسیقی سے خصوصی لگاؤ تھا۔ ایس بی جان کو انکی مختلف انداز میں غزل گائیکی کی وجہ سے شہرت ملی، انکا شمار پاکستان کے 1960 سے 1975 کے معروف گلوکاروں اور غزل گائیکوں میں ہوتا ہے۔
ایس بی جان پاکستان کے چند مشہور گلوکاروں میں سے ایک تھے، تاہم ان کا شمار ملک کے چوٹی کے غزل گائکوں میں ہوتا تھا۔انہوں نے ریڈیو پاکستان سمیت پی ٹی وی اور فلموں کے لیے بھی گیت گائے جب کہ انہوں نے ملک سمیت بیرون ممالک میں بھی غزل گائیکی میں نام کمایا۔
ایس بی جان کو انکی گلوکاری کی خدمات کے عوض حکومت نے 2011 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا اور انہیں سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کراچی میں ایوارڈ سے نوازا تھا۔
ایس بی جان گزشتہ دو دہائیوں سے موسیقی کی دنیا سے دور تھے، تاہم انہیں موسیقی کی محفلوں میں بطور مہمان دیکھا جاتا تھا۔ طویل العمری کے باعث زندگی کے آخری ایام میں وہ بیمار بھی رہے جب کہ زیادہ علیل ہونے پر وہ گزشتہ دو ہفتوں سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔