ممبئی: (ویب ڈیسک) برصغیر پاک وہند کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو سانس لینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
اطلاع کے مطابق 98 سالہ شہنشاہ جذبات کہلائے جانے والے اداکار دلیپ کمار ممبئی میں قائم ہندوجا ہسپتال میں پہنچایا گیا ہے۔
خاندان کے ایک قریبی دوست آصف فاروقی نے بھی اداکار کی علالت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں صبح ساڑھے آٹھ بجے ہسپتال میں لے جایا گیا۔ اس پہلے بھی گزشتہ ماہ ان کو معمول کی طبی جانچ کے لیے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ دلیپ کمار نے 1944ء میں فلم جواربھاٹا سے اپنے فلمی کرئیر کا آغاز کیا تھا۔ ان کی فلموں کوہ نور، شہید، دیوداس، نیا دور، رام شیام، بیراگ، سوداگر، شکتی، ودھاتا اور مشہور زمانہ فلم مغل اعظم قابل ذکر ہیں۔
انہیں آخری بار 1998ء میں فلم قلعہ میں دیکھا گیا تھا۔ انہیں شہنشاہ جذبات کہا جاتا ہے۔ وہ راجیہ سبھا کے ممبر بھی رہے۔ حال میں ان کی پاکستان میں واقع آبائی رہائش گاہ کو یادگار بنانے کا پاکستانی حکومت نے اعلان کیا ہے۔