مجھے اور میری فیملی کی جان کو خطرہ ہے، ہمیں تحفظ دیا جائے: اداکارہ میرا

Published On 15 June,2021 09:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معروف اداکارہ میرا نے الزام عائد کیا ہے کہ لاہور کے مہنگے ترین علاقے ایم ایم عالم روڈ پر واقع ان کی پراپرٹی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مجھے اور میری فیملی کی جان کو خطرہ ہے، ہمیں تحفظ دیا جائے۔

اداکارہ میرا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میری فیملی پر حملہ کیا گیا۔ اگر سی سی پی او لاہور وقت پر کارروائی نہ کرتے تو جانی اور مالی نقصان ہوتا۔

اداکارہ میرا دوران پریس کانفرنس رو پڑیں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ولن کو ولن اور ہیرو کو ہیرو بتائے۔ انہوں نے اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید کو ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم عالم روڈ میں ہماری پراپرٹی پر قبضے کی کوشش کی گئی۔ ہم نے اپنی پراپرٹی پرعدالت سے اسٹے لے لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری حکومت سے اپیل ہے کہ ملزم کو باہر نہ جانے دیا جائے۔ ملزم کے ساتھی گرفتار ہو چکے ہیں۔ میری فیملی کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہے۔ میری والدہ کو قتل کر کے 30 سے 40 کروڑ کی جائیداد پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں پنجاب حکومت سے تحفظ چاہیے۔

میرا نے پریس کانفرنس میں شیخ رشید کو پرائم منسٹر آف پاکستان کہتے ہوئے کہا کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔ شاہد محمود کے ساتھ کوئی کاروبار نہ کرے۔ میں پاکستان ہوتی تو میری فیملی کے ساتھ یہ نہ ہوتا۔ شیخ رشید کو بھی شاہد محمود کے خلاف درخواست دیدی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی شکر گزار ہوں جنہوں نے بروقت کارروائی کی۔ میرا مطالبہ ہے کہ اس شخص کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ میری والدہ کو مار کر پراپرٹی ہتھیانا چاہتے ہیں۔ ہمیں تحفظ چاہیے مختلف گاڑیاں گھر کے باہر گھومتی ہیں۔

اداکارہ میرا نے والدہ کی پراپرٹی پر قبضے کے معاملے کو ملکی سالمیت سے جوڑتے ہوئے کہا کہ یہ ملکی سالمیت کا بھی مسئلہ ہے۔
 

Advertisement