لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف ادکارہ اور ماڈل متھیرا نے کہا ہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں منافق ہیں جو منہ پر کچھ اور پیٹھ پر کچھ ہوتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار اداکارہ متھیرا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شو میں پاکستان شوبز انڈسٹری میں موجود لوگوں کے رویوں اور ایوارڈ شوز کے بارے میں بات کی۔
انٹرویو کے دوران متھیرا نے کہا کہ زندگی میں اتنی سختیاں دیکھی اور اتنی ٹھوکریں کھائی ہیں کہ اب انہیں کسی چیز کا خوف نہیں رہا اور وہ کسی کے بھی سامنے سچ بات کہنے سے گھبراتی نہیں ہیں بلکہ جو شخص جس طرح بات کرتا ہے وہ اسی طرح جواب دیتی ہیں۔ انسان سے نہیں صرف خدا کا خوف ہے۔
انہوں نے شوبز انڈسٹری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بہت سارے لوگ ہوتے ہیں جو آپ کے سامنے بہت اچھے بنتے ہیں لیکن پیٹھ پیچھے آپ کے بارے میں عجیب باتیں کرتے ہیں۔ اسی طرح ایوارڈ شوز میں بھی لوگ آپ کے منہ پر آپ کی تعریفیں کرتے ہیں لیکن پیچھے مڑتے ہی ان کے رویے بدل جاتے ہیں۔ ایوارڈ شوز کا ماحول بہت زہریلا ہوتا ہے لہذا وہاں جانے سے بہتر ہے کہ انسان گھر بیٹھے اور ان چیزوں کو نظر انداز کرے۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ جب وہ اس فیلڈ میں نئی نئی آئی تھیں اس وقت انہیں لگتا تھا کہ لوگوں کو اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے ایوارڈ شوز میں جانا چاہئے۔ لیکن جیسے جیسے وہ سمجھدار ہوتی گئیں اب انہیں لگتا ہے کہ وہ لوگ جو دوسروں کو اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں وہ کٹھ پتلی ہوتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر آپ کو شہرت ملنی ہوگی تو آپ کو گھر بیٹھے بھی مل جائے گی۔ اسلیے آپ کو لوگوں کے درمیان رہنے، لوگوں کے سامنے جی جی کرنے یا ایوارڈ شو میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔