لاہور: (دنیا نیوز) معروف گلوکار ابرارالحق کے پرانے اور نئے دور کی ماؤں کے تربیت کے انداز سے متعلق بیان پر نیا طوفان کھڑا ہو گیا، سوشل میڈیا پر ملے جلے تبصرے سامنے آنےلگے۔
معروف گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما ابرارالحق کے جدید دور کی ماؤں کے بچوں کی تربیت کے انداز پر تنقید نے طوفان کھڑا کر دیا، سوشل میڈیا پر ایک حلقہ گلوکار کی حمایت کرتا نظر آیا، خواتین سمیت کئی نے ابرار الحق کو آڑے ہاتھوں لیا۔
— MediaSpring PK (@MediaSpringPk) August 27, 2021
ایک صاحب کا کہنا تھا کہ کلمہ اور نظمیں ایک دوسرے کا نعم البدل نہیں، ایک خاتون نے کہا کہ "نچ پنجابن" اور "بلو دے گھر" جیسے گانے گانے والے آج ماؤں کو شرمندہ کر رہے ہیں کہ بے بی شارک جیسی نظمیں سنا کر وہ اپنے بچوں کی اخلاقی پستی کی ذمہ دار ہیں۔
کوئی بچوں کی نظموں کے تعمیری پہلوؤں کو اجاگر کرتا نظر آیا، تو کسی نے گلوکار کو ان کے پرانے گانوں کے بول یاد کرا دئیے۔
ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کو ابرار الحق کا تبصرہ انتہائی ناگوار گزرا، انہوں نےکہا کہ ابرار کیسے فرض کر سکتے ہیں کہ آج کی مائیں دین پر توجہ نہیں دیتیں، بتائیں ماں کی گود سے کلمہ سنتے سنتے "نچ پنجابن" یا "بلوکے گھر" تک کا سفر کس طرح طے کیا؟
اداکار یاسر حسین بھی نادیہ حسین کی حمایت کرتے نظر آئے،،لیکن کئی شوبز شخصیات نے گلوکار کا ساتھ دیا۔
اداکارہ زرنش خان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اچھی بات کرے تو اس کی بات کو اچھا کہیں نہ کہ اس کی پوری زندگی کو پرکھا جائے۔