معروف گلوکار علی ظفر نے پشتو گانا گا کر مداحوں کے دل جیت لیے

Published On 22 September,2021 06:59 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے پشتو گلوکارہ گل پانڑہ کے ہمراہ پشتو گانا ’لار شہ پیخور‘ جاری کر کے مداحوں کے دل جیت لیے۔

’لار شہ پیخور‘ کو علی ظفر نے خود پروڈیوس کیا ہے، اس کی موسیقی حسن بادشاہ نے دی ہے جبکہ ہدایات ولید عالم نے دی ہیں۔ مقبول پشتو گانے میں علی ظفر کے ساتھ گل پانڑہ کے علاوہ شاہکار عالم خان بھی پرفارمنس کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

لار شہ پیخور (جس کا مطلب پشاورجاؤ) میں خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کو دکھانے سمیت پشتون ثقافتی لباس اور دیگر روایتوں کو بھی دکھایا گیا ہے۔ گانے کے آغار میں پشتون بچے کو علی ظفر کا ہی گزشتہ برس جاری کیا گیا سندھی گانا ’الے ماروئڑا‘ موبائل پر دادا کے سامنے سنتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

لار شہ پیخور گانے میں جہاں علی ظفر کی پرفارمنس کو سراہا جا رہا ہے، وہیں گل پانڑہ کے ڈانس سمیت گانے کی موسیقی اور ویڈیو میں دکھائے گئے مناظر کو بھی پسند کیا جا رہا ہے۔ گانے کو ایک ایسے وقت میں ریلیز کیا گیا ہے جب کہ پشتون لوگ ہر سال کی طرح اپنا روایتی ثقافتی دن منانے والے ہیں۔

لار شہ پیخور گانے کو علی ظفر اور گل پانڑہ سے قبل بھی متعدد گلوکاروں نے گایا ہے، گانے کو 2012 میں کوک سٹوڈیو کے پانچویں سیزن میں ہمایوں خان نے بھی پیش کیا تھا۔

’لار شہ پیخور‘ پشتو زبان کا معروف گانا ہے، جسے دیگر گلوکاروں نے بھی مختلف اوقات میں گایا ہے، مذکورہ گانے میں دھرتی اور محبوب سے محبت کا اظہار کیا گیا ہے اور عاشق سے فرمائش کی گئی ہے کہ وہ پشاور جائے اور اپنے محبوب کے لیے خوبصورت تحفے لے کر آئے۔
 

Advertisement