شاہ رُخ نے عمران خان کیساتھ تصویر کیوں شیئر کی؟ بھارتیوں کے تن بدن میں آگ لگ گئی

Published On 23 September,2021 09:28 pm

ممبئی:(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ پرانی تصویر وائرل ہونے کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ''بائیکاٹ شاہ رخ خان'' بھی بھارت میں ٹوئٹر پر ٹرینڈ بن گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر کے مطابق بالی ووڈ کی فلم اوم شانتی اوم کے ہیرو شاہ رخ خان پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ موجود ہیں جبکہ یہ تصویر 2008 میں لی گئی ہے۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان نے ہاتھ میں جوس کا گلاس پکڑا ہوا ہے جبکہ بالی ووڈ کے کنگ خان پاکستانی وزیراعظم کی جانب دیکھ کر ہنس رہے ہیں۔

تصویر نے انتہا پسند بھارتیوں کے تن بدن میں آگ لگادی جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے ہیش ٹیگ بائیکاٹ شاہ رخ خان (BoycottShahRukhKhan) کو ٹرینڈ بنادیا۔

سشما روہیت نامی ٹوئٹر صارف نے شاہ رخ خان کی آنیوالی فلم پٹھان کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بالی ووڈ اور شاہ رخ خان کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ کیونکہ آپ ایک ایسے نظریہ کو پروموٹ کررہے ہو جو معاشرے،انسانیت اور ہم آہنگی کے لئے خطرناک ہے۔

ستیندر راوت نام کے ٹوئٹر ہینڈل سے شاہ رخ خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بائیکاٹ شاہ رخ خان کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے سوال پوچھے گئے کہ آپ اس فلم میں کون سے پٹھانوں کو پیش کرنا چاہ رہے ہیں؟ وہ جو آپس میں لڑتے ہیں ؟ اپنی ماؤں ،بہنوں اور بھائیوں کو قتل کرتے ہیں؟۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے شاہ رخ خان کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں بالی ووڈ کنگ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی کھلاڑی دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ چیمپئن ہیں جبکہ ہندوستان میں عدم برداشت ایک بڑامسئلہ ہے۔

صارف نے مزید لکھا کہ شاہ رخ خان پاکستان کے حامی ہیں اور انہوں نے اس بات کو کئی مرتبہ سچ ثابت بھی کیا ہے۔
 

Advertisement