کراچی: (دنیا نیوز) معروف اداکار عمر شریف کی طبیعت بگڑنے کے باعث علاج کے لیے بیرون ملک روانگی موخر کر دی گئی تاہم ان کی امریکہ منتقلی کیلئے ائیرایمبولینس کراچی پہنچ گئی ہے۔ ڈاکٹروں نے ان کی صحت سے متعلق اگلے 48 گھنٹے اہم قرار دیئے ہیں۔
کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج معروف اداکار عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ ڈاکٹرز کے مطابق ہسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر کم ہونے کے باعث طبیعت بگڑی جس کے بعد انکو فوری طور پر سی سی یو وارڈ منتقل کردیا ہے۔
عمر شریف کو 48 گھنٹے تک زیرنگرانی رکھا جائے گا، طبیعت بہتر ہونے پر بیرون ملک روانگی سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا۔ دوسری جانب عمر شریف کو بیرون ملک لے جانے والی ائیر ایمبولینس کراچی پہنچ گئی ہے۔