نیورمبرگ:(دنیا نیوز) لیجنڈری اداکار عمر شریف کی نمازہ جنازہ جرمنی میں ادا کردی گئی اور میت لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں انتقال کر جانے والے کامیڈی کے لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نمازہ جنازہ جرمنی کے شہر نیورمبرگ کی ترکش مسجد میں اداکردی گئی ہے۔
عمر شریف کے بیٹے جواد عمر کے مطابق میت کل بھی کراچی پہنچنے کے امکانات کم ہیں ،میت بدھ کی صبح کراچی پہنچے گی جبکہ بدھ کے روز دوپہر 3بجے عمر شریف پارک میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
جواد عمر نے کہا کہ مولانا بشیر فاروقی عمر شریف کی نماز جنازہ پڑھائیں گے، جبکہ مداحوں سے اپیل ہے کے وہ نماز جنازہ میں شرکت کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرشریف کی میت دو مختلف ترکش ائیرلائن کی پروازوں سےکراچی پہنچے گی ،نیورمبرگ سے ٹی کے 1634 کی پرواز سے میت کو استنبول پہنچایا جائے گا اور استنبول سے ٹی کے 0708 کی پرواز سے میت کو کراچی منتقل کیا جائے گا۔
قبل ازیں اداکار عمر شریف کی میت جرمنی میں ورثا کے حوالے کی گئی تھی ،جواد عمر نے کراچی میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی اور والد کی تدفین کیلئے قبر کی جگہ کا تعین کرنے کیلئے دیگر لواحقین اور انتظامیہ سے مشاورت کی۔
جوادعمر نے مزید کہا کہ صوبائی و وفاقی حکومت اور جرمنی میں پاکستانی قونصلیٹ کے تعاون پر مشکور ہیں، والد سے والہانہ محبت پر ان کے پرستاروں اور میڈیا کے بھی شکر گزار ہیں۔