'کوئی مدد نہیں' معروف پاکستانی اداکارہ شدید بیمار،مداحوں سے دعاؤں کی درخواست

Published On 15 October,2021 09:08 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ڈپریشن ایک ایسی نفسیاتی بیماری ہے جو انسان کو اندر ہی اندر سے کھا جاتی ہے،اگر اس بیماری کا سنجیدگی سے علاج نہ کروایا جائے تو یہ انسان کو موت کے منہ میں لے جانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی جبکہ اس بیماری کی تکلیف میں مبتلا بعض افراد اپنی زندگی کا خود ہی خاتمہ کرلیتے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ روز دیکھنے میں آیا ہے جب پاکستان کی معروف اداکارہ شہزین راحت نے اپنے مداحوں کے ساتھ درد بھرا پیغام شیئر کرتے ہوئے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ شہزین راحت نے طویل پیغام جاری کیا اور اپنی تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ہسپتال میں موجود ہیں اور ان کے ہاتھ پربرانولا لگا ہوا ہے۔

اداکارہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ کافی عرصے سے میں اس چیز کے بارے میں کھل کر بات کرنا چاہ رہی تھی لیکن کسی نہ کسی طرح یہ محسوس کرتی تھی کہ آیا اس پوسٹ کو فیصلہ یا کسی بھی تنقید کی بنیاد پر نہیں کرنا چاہیے، لیکن بہت ہمت کے ساتھ میں یہ پوسٹ آپ سب کے ساتھ شیئر کررہی ہوں جسے میں اپنی انسٹٓاگرام فیملی کہتی ہوں۔

شہزین راحت نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے لکھا کہ میں برسوں سے اس پریشانی میں مبتلا ہوں ، لیکن پچھلے 2 سالوں سے اس بیماری نے اس طرح جکڑلیا ہے جس کو میں الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی،مسلسل دل کی دھڑکن کا بے ترتیب ہونا،میرے سینے اور بازو میں درد اتنا ہوتا ہے جو کہ مجھے اندر سے کھاتا جارہا ہے۔

انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ اس چیز کو ہلکا نہ لیں ، کوئی تھراپی کام نہیں کرتی ، میرے معاملے میں ابھی تک کوئی بھی مدد نہیں ۔ لیکن اگر آپ کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جو ان تمام چیزوں سے گزر رہا ہے تو براہ کرم اس کے ساتھ مہربان رہیں،میں آپ سے منت کرتی ہوں کہ اس شخص کو کمزور کہنے کے بجائے اس کی طاقت بننے کی کوشش کریں۔یہ چیز ہمارے لئے مشکل ہے کہ ہم روزنہ ایک جھوٹی مسکراہٹ کے ساتھ لوگوں کو محظوظ کریں۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں لکھا کہ میں ابھی صرف آپ سب سے اتنی درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ لوگوں کے ساتھ شفقت کے ساتھ پیش آئیں، ہم پہلے ہی اندر سے ٹوٹ رہے ہیں ،ہمیں مزید نیچے نہ کھینچیں ،ہماری ذہنی صحت کو سنجیدگی سے لیں کیونکہ یہ ایک حقیقت ہے اور یہ کسی کے بھی ساتھ ہوسکتا ہے۔

شہزین راحت کا کہنا تھا کہ میں اس چیز کے علاوہ کچھ نہیں مانگتی کہ ایسے لوگوں کے ساتھ مہربانی رہیں اور ان کو سمجھنے کی کوشش کریں ، میں آپ سب سے درخواست کرتی ہوں کہ میرے لیے بھی دعا کریں اور دنیا بھر میں جو بھی اس مرض سے گزر رہا ہے اس کے لئے بھی دعا کریں۔

اداکارہ نے کہا کہ ہم اور دنیا پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،برائے مہربانی عاجز، مہربان ، محبت کرنے والے، معاف کرنے والے اور دیکھ بھال کرنے والے بنیں،آپ کی طرف سے ادا کیا گیا تندرستی اور صحت کا ایک لفظ بھی کسی کے چہرے پر حقیقی مسکراہٹ لا سکتا ہے۔

شہزین راحت نے آخر میں لکھا کہ میں جس چیز سے گزر رہی ہوں اس کے بارے کہنے کے لئے اور بھی بہت کچھ ہے لیکن میں بس اتنا ہی کہنا چاہتی ہوں اور میری یہ باتیں وہ لوگ اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں جو کہ اس بیماری سے گزر رہے ہیں۔آپ سب کو ڈھیروں پیار اور دعائیں ،مجھے بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جو کہ میرے لئے اس دنیا میں سب سے بڑھ کر ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ شہزین راحت رواں سال اپریل کے مہینے میں شادی کے بندھن میں بندھیں تھی۔

 اداکارہ نے شعیب لاشاری سے نکاح کیا تاہم ان کے شوہر کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی تھیں۔

اداکارہ نے گزشتہ برس ڈرامہ تم ہو وجہ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جبکہ انہوں نے ڈرامہ نصیبوں جلی ، جیٹھانی اور گھائل سمیت دیگر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

 

 

Advertisement