'برقع پہنوں یا منی سکرٹ'،متھیرا کے بیان پر نئی بحث چھڑ گئی

Published On 03 November,2021 11:12 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستانی ٹی وی میزبان اور سوشل میڈیا پر آئے روز اپنے بیانات کی وجہ سے تنازعات کا شکار ہونے والی متھیرا نے ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں متھیرا کے بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے جبکہ ان کا یہ انٹرویو بھی خوب وائرل ہورہا ہے۔

ٹی وی میزبان متھیرا کا کہنا تھا کہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مسئلہ میرے ساتھ ہے جبکہ اصل مسئلہ ان ہی لوگوں کی سوچ میں ہے،اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میں برقع پہنوں، منی سکرٹ یاجینز،حقیقت یہ ہے کہ میری وجہ سے لوگوں کو ہمیشہ مسائل کا سامنا رہے گا۔

انہوں نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ بچے کی پیدائش سے لے کر میرےنکاح تک، لوگوں کو مجھ سے جڑی ہرچیز سے پریشانی ہوتی تھی اور یہ جھوٹ نہیں ہے ،یہاں تک کہ جب میں شلوارقمیض پہنتی تھی تو بھی لوگوں کو میرے لباس کے ساتھ مسئلہ تھا۔

متھیرا کا کہنا تھا کہ جب میں نے شوبز کے کیریئرکا آغاز کیا تو اس وقت منزل مشہورہونا نہیں تھی بلکہ واحد مقصد اپنے روزمرہ معمولات کو ساتھ لیکر چلنا تھا،

اپنے انٹرویو کے دوران اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والی متھیرا نے اعتراف کیا کہ میرے اکثر دوست اور مہمان مجھ سے بات کرتے ہوئے گھبرا جاتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے ساتھ کچھ برا ہونے والا ہے،میں یہاں پر بتاتی چلوں کہ میں کسی سے ڈرتی نہیں لیکن مرحوم اداکار عمر شریف سے گھبراتی تھی۔

متھیرا نے ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ کون سی کون سی قابل ہے،ٹک ٹاک بنانا کام ہوتا ہے؟ کام وہ ہوتا ہے جب آپ اداکاری کریں، فلم میں یا پھر ڈرامہ میں کام کریں۔
 

Advertisement