لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کی معروف اداکارہ حمائمہ ملک نے اپینڈکس کی کامیاب سرجری کی خبر دیتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی اور کہا کہ زندگی ایک لمحے میں جاسکتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ حمائمہ ملک کی جانب سے تصاویر شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ہسپتال کے بیڈ پر لیٹی ہوئی ہیں۔
اداکارہ نے اپنے پیغام میں نئی زندگی ملنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے مداحوں سے صحت مندی کی دعاؤں کی درخواست کی۔
انہوں نے لکھا کہ زندگی ایک لمحے میں جاسکتی ہے،ہم خود کو بادشاہ مان کر پتہ نہیں کس غرور میں سوتے ،جاگتے،بولتے،ہنستے اور گاتے ہیں،جبکہ سارے جہاں کا مالک ایک لمحے میں سب ہلا سکتا ہے،مٹا سکتا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے استنبول کے ہسپتال میں 22 گھنٹے ریپچر اپینڈکس کی وجہ سے گزارے اور لکھا کہ اس سارے واقعے میں، میں نے موت کو انتہائی قریب سے دیکھا۔میرے رب نے مجھے نئی زندگی دی ہے، مجھے دعاؤں کی سخت ضرورت ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ نظر جان لے سکتی ہے، برائے مہربانی اپنے اور چاہنے والوں کیلئے دعا کرتے رہیں، نظر چلتا پھرتا بندہ مار سکتی ہے، پیار سے دیکھو، خدا سے ہر کسی کی خیر مانگو، اللہ کسی کو حسد کی نظر نہ لگائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حمائمہ ملک نے ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے انٹرنیشنل پاکستان پرسٹیج ایوارڈز (آئی پی پی اے) کی تقریب میں شرکت کی تھی۔