لاہور:(دنیا نیوز) معروف لوک پنجابی گلوکارہ نصیبو لال نے شوہر کے مبینہ تشدد پر لاہور کے مقامی تھانے میں مقدمہ دائر کروادیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نصیبو لال نے لاہور کے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں شوہر نوید حسین کے خلاف تشدد اور استحصال کرنے کا مقدمہ دائر کروایا، گلوکار نصیبو لال نے شوہر کے مبینہ تشدد پر پولیس کو درخواست دی تھی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ دائر کردیا گیا۔
گلوکارہ نے مقدمے میں موقف اختیار کیا کہ وہ اپنے گھر کے صحن میں بیٹھی تھیں کہ اس دوران ان کے شوہر نوید حسین نے باہر سے آتے ہی گالم گلوچ شروع کرنے کے بعد طیش میں آکر اینٹ اٹھا کر گلوکارہ کو دے ماری۔
مقدمے میں بتایا گیا کہ شوہر کی جانب سے اینٹ سے حملہ کرنے پر نصیبو لال کے چہرے، آنکھوں کے گرد اور ناک پر شدید چوٹیں لگیں،گلوکارہ نے الزام عائد کیا کہ شوہر نوید حسین اکثر ان کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے ہیں، ان کے ساتھ بدتمیزی کرتے رہے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق نصیبو لال پر تشدد کا واقعہ 14 مارچ کی سہ پہر 5 بجے کے قریب پیش آیا۔
دوسری جانب پولیس نے گلوکارہ کی فریاد پر مقدمہ درج کرنے کے بعد قانونی کارروائی شروع کردی، تاہم آخری اطلاعات کے مطابق کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔