حسینہ عالم کے مقابلہ میں زخمی ہونے والی مس جمیکا کی طبیعت میں بہتری

Published On 09 December,2025 01:57 pm

بنکاک: (ویب ڈیسک) حسینہ عالم کے انتخاب کے لیے بنکاک میں ہونے والے 73 ویں بین الاقوامی مقابلہ میں سٹیج سے گر کر زخمی ہونے والی مس جمیکا کی طبیعت میں بہتری آنے لگی۔

19 نومبر کو بنکاک میں مس جمیکا گیبریل ہنری ایوننگ گاؤن مقابلے کے دوران سٹیج سے گر گئی تھیں، اس حادثے کے نتیجے میں انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، 23 سالہ گیبریل کے چہرے پر زخم اور فریکچر آئے تھے، جب کہ جسم کے اندر خون بہنا شروع ہوگیا تھا۔

مس یونیورس کی انتظامیہ نے مس جمیکا کی صحت میں پیشرفت سے آگاہ کیا ہے کہ گبریل ہیری اب خطرے سے باہر ہیں اور ان کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، لیکن وہ اب بھی نیورولوجیکل مانیٹرنگ میں ہیں اور 24 گھنٹے اسپیشلسٹ ان کی نگرانی کررہے ہیں۔

گیبریل ہنری کو اگلے چند دنوں میں جمییکا واپس روانہ کیا جائے گا، ان کے ساتھ مکمل میڈیکل ٹیم ہو گی، ہسپتال سے ان کی میڈیکل فلائٹ کے انتظامات مس یونیورس آرگنائزیشن نے کیے ہیں، جمییکا پہنچتے ہی انہیں ہسپتال منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کا علاج جاری رہے گا۔

مس یونیورس آرگنائزیشن نے اس حادثے کے بعد گیبریل اور ان کے خاندان کو مکمل تعاون فراہم کیا ہے اور ان کے تمام طبی اخراجات بشمول اسپتال کے اخراجات برداشت کیے ہیں، اس کے علاوہ، گیبریل کی والدہ اور بہن کی رہائش کے اخراجات بھی تنظیم نے ادا کیے ہیں۔

تنظیم نے یہ بھی کہا کہ وہ گیبریل کے علاج کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے اور آئندہ بھی اس واقعہ سے متعلق تمام طبی اخراجات برداشت کرے گی۔

یاد رہے کہ حادثے کے فوراً بعد شو کو جاری رکھنے کا فیصلہ سوشل میڈیا پر تنقید کا شکار ہو گیا تھا، جہاں بہت سے لوگوں نے سوال کیا کہ مس یونیورس آرگنائزیشن کی ترجیحات کیا ہیں؟

واضح رہے کہ گیبریل ہنری نہ صرف مس جمیکا ہیں، بلکہ وہ ایک ماہر امراض چشم اور سی می فاونڈیشن کی بانی بھی ہیں، جو جمیکا میں بصارت سے محروم افراد کے حقوق کے لیے کام کرتی ہے۔