بھارتی اداکارہ تریشا کرشنن کے گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی

بھارتی اداکارہ تریشا کرشنن کے گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی

میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو کے ڈی جی پی کنٹرول روم کو ایک ای میل موصول ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ کی رہائش گاہ کے ساتھ ساتھ بنگلادیشی ڈپٹی ہائی کمشنر کے گھر پر بھی بم نصب کیے گئے ہیں۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے فوری طور پر دونوں مقامات کا گھیراؤ کر کے مکمل تلاشی لی، تاہم بعد ازاں یہ دھمکی بے بنیاد اور محض افواہ ثابت ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں اس نوعیت کی جعلی ای میلز میں اضافہ ہوا ہے، جن میں معروف شخصیات کو نشانہ بنانے کی بات کی جاتی ہے، لیکن اب تک تمام اطلاعات غلط ثابت ہوئی ہیں۔ اس معاملے کی مزید چھان بین جاری ہے۔

یاد رہے کہ 43 سالہ تریشا کرشنن کا شمار جنوبی بھارت کی مہنگی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، اور اس سے قبل رجنی کانت اور دھنوش جیسے بڑے ناموں کو بھی اسی نوعیت کی جھوٹی دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔