نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے حوالے سے صحت کے حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیسز اور ہلاکتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں چائنا وائرس کے کیسز کی تعداد اور اموات بڑھا چڑھا کر بتائی جا رہی ہیں کیونکہ سی ڈی سی کا طریقہ کار دیگر ممالک سے مختلف ہے۔ اکثر کیسز مقاصد کے تحت، غلط اور کم رپورٹ کرتے ہیں۔ جب شک ہو تو اس کو کووڈ کہا جاتا ہے، جعلی خبریں۔
The number of cases and deaths of the China Virus is far exaggerated in the United States because of @CDCgov’s ridiculous method of determination compared to other countries, many of whom report, purposely, very inaccurately and low. “When in doubt, call it Covid.” Fake News!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) January 3, 2021
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ صحت کے دو عہدیداروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا میں کووڈ 19 کیسز اور اموات کی تعداد پر اٹھائے گئے سوالات کو غیر ضروری قرار دیا۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ویکسین کا عمل مزید تیزی سے جاری رہے گا۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشس ڈیزیز کے ڈائریکٹر انتھونی فاؤکی نے کہا کہ اموات حقیقی اموات ہیں اور رواں ہفتے ہسپتال بھر گئے تھے اور طبی عملے پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔ یہ سب جھوٹ نہیں ہے بلکہ حقیقت ہے۔
انتھونی فاؤکی اور امریکی سرجن جنرل جیروم ایڈمز نے ایک انٹرویو میں سی ڈی سی کے اعداد و شمار کا دفاع کیا جس پر ٹرمپ نے براہ راست الزامات عائد کیے تھے۔