لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ اینڈی فلاور کو مصباح الحق کی جگہ ہیڈ کوچ بنانے کی خبریں درست نہیں ہیں کیوں کہ وہ اگلے 2 سال تک مصروف ہیں، ان سے معاہدے کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موجودہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کو نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
45 سالہ شعیب اختر کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے اختتام کے بعد زمبابوے کے اینڈی فلاور مصباح الحق کی جگہ لیں گے۔ مصباح کی برطرفی کے فیصلے کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اینڈی فلاور کو اجازت دیدی گئی ہے اور وہ پی ایس ایل 6 کے بعد ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے۔
شعیب اختر نے پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کو ‘ردی کی ٹوپی’ قرار دیا اور خیال ظاہر کیا کہ الزام تراشی سے بچنے کے لئے پی سی بی نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کی خبریں جعلی قرار
اپنے ایک انٹرویو میں وسیم خان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کو ہٹانے کی خبریں بے بنیاد اور درست نہیں ہیں، اینڈی فلاور کی طرح اس وقت گیری کرسٹن بھی دستیاب نہیں ہیں، ہم نے کرکٹ کمیٹی میٹنگ میں مصباح الحق کو ہر چیز سے واضح طور پر آگاہ دیا ہے، مصباح الحق کو مزید مواقع دینا چاہتے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرٹیز کی سیریز کے بعد 15 ،16 فروری کو کرکٹ کمیٹی اجلاس میں تمام کوچز بالخصوص مصباح الحق کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، مصباح اور وقار یونس کا 3،3 سال کا معاہدہ ہے لیکن اسے قبل از وقت ختم بھی کیا جاسکتا ہے، اگر ہمیں انہیں پیسے دینے ہوں گے تو دیں گے لیکن اس موقع پر کوچز کی تبدیلی کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔