کورونا ویکسین کیخلاف جعلی خبروں کی روک تھام، فیس بک نے بڑا فیصلہ کر لیا

Published On 18 March,2021 04:30 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک نے کورونا ویکسین کے حوالے سے چلائی جانے والی آگہی پھیلانے والی تمام پوسٹوں پر لیبل لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

فیس بک نے یہ فیصلہ محققین اور سیاستدانوں کی تنقید کے بعد کیا ہے جن کے خیال میں ویکیسن کے حوالے سے غلط معلومات پھیلانے کے لیے فیس بک اپنا پلیٹ فارم استعمال کرنے کی اجازت دے رہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فیس بک نے کہا کہ کورونا ویکسین کا انجیکشن محفوظ ہونے سے متعلق پوسٹس کو لیبل کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، تاہم ویکسین سے متعلق تمام پوسٹس کو جلد لیبل کر دیا جائے گا۔

فیس بک کے مطابق کورونا سے متعلق تمام پوسٹس کو ایک مخصوص پیغام کے ساتھ لیبل کیا جائے گا جن پر لکھا ہوگا کہ ویکسینز منظوری سے پہلے حفاظتی اورافادیت کے ٹیسٹس سے گزرتی ہیں۔ یہ لیبل نہ صرف فیس بک بلکہ انسٹاگرام کی پوسٹس پر بھی لگایا جائے گا۔

فیس بک کے مطابق امریکی صارفین کے لیے انسٹاگرام پر ایک نیا فیچر متعارف کروایا جائے گا جو کورونا سے متعلق معلومات دینے کے علاوہ ویکسین لگوانے کی جگہوں کی نشاندہی بھی کرے گا۔

عالمی وبا کے دوران کورونا وائرس کی ویکسین سے متعلق غلط معلومات سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی ہیں۔ فیس بک اور انسٹاگرام نے حال ہی میں ایسی پالیسیاں متعارف کروائی ہیں جن کے تحت غلط معلومات پر مبنی پوسٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

فیس بک کے چیف پراڈکٹ آفیسر کرس کوکس کا کہنا ہے کہ کمپنی غلط معلومات پھیلانے والی پوسٹس کو انتہائی سنجیدگی سے لیتی ہے۔

رواں سال فروری سے اب تک فیس بک اور انسٹاگرام پر سے 20 لاکھ اضافی پوسٹس ہٹائی گئی ہیں جو کورونا وائرس اور ویکسین سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہی تھیں۔

Advertisement