کورونا سے متعلق غلط معلومات پوسٹ کرنے پر وینزویلین صدر کا فیس بک پیج معطل

Published On 27 March,2021 05:55 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) حالیہ عرصے کے دوران جعلی خبریں شیئر کرنے پر سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹس متحرک ہوئی ہیں ، جبکہ جعلی خبروں پر تدارک پانے کے لیے سخت ایکشن لیے جا رہے ہیں اسی حوالے سے فیس بک کی انتظامیہ نے کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات پوسٹ کرنے پر وینزویلین صدر کا پیج معطل کر دیا ہے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے صدر نیکولس ماڈیورو نےکورونا کے علاج کی غلط معلومات شیئر کی تھیں۔

فیس بک انتظامیہ کے مطابق وینزویلا کے صدر نیکولس ماڈیورو نے ایک قدیم دوا کو کورونا وائرس کا علاج بتایا تھا جس پر ڈاکٹروں کا دعویٰ ہے کہ یہ کورونا وائرس کا علاج نہیں ہے۔

فیس بک نے وینزویلا کے صدر کی اس حوالے سے شیئر کی گئی ویڈیو کو فیس بک کی کورونا کے حوالے سے نافذ پالیسی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ڈیلیٹ کردیا۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ پالیسی کی خلاف ورزی پر وینزویلا کے صدر کا اکاؤنٹ کو معطل کیا گیا ہے کیونکہ صدر نکولس نے کورونا سے محفوظ رہنے یا صحتیاب ہونے سے متعلق گارنٹی دی تھی۔

اس حوالے سے فیس بک ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ ہم ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلو ایچ او) کی ہدایت پر عمل کرتے ہیں کہ فی الحال اس وائرس کے علاج کیلئے کوئی دوا نہیں ہے اور ہمارے قوانین کی بار بار خلاف ورزیوں کی وجہ سے ہم 30 دن کیلئے صفحہ بھی معطل کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وینزویلا کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 54 ہزار 905 مریض اور ایک ہزار 543 اموات سامنے آئی ہیں۔
 

Advertisement