لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت کی طرف سے گھی کی فی کلو قیمت میں 109 روپے کے اضافے کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل وفاقی حکومت کی طرف سے یوٹیلیٹی سٹورز میں اشیائے خوردو نوش کے بعد اوپن مارکیٹ میں گھی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ اس دوران خبریں چل رہی تھیں کہ حکومت کی طرف سے گھی کی فی کلو قیمت میں 109 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
تاہم وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ان خبروں کو فیک نیوز قرار دیدیا۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیلیٹی سٹورز کے بعد گھی اوپن مارکیٹ میں 38 روپے فی کلو مہنگا
انہوں نے لکھا کہ حکومت گھی کی قیمتوں میں اضافہ یا کمی نہیں کرتی، گھی خوردنی تیل سے بنتا ہے جو بیرون ملک سے خریدا جاتا ہے اور عالمی منڈی میں خوردنی تیل کی قیمت میں اضافے یا کمی سے گھی کی قیمت ذیادہ یا کم ہوتی ہے۔
آخر میں نوٹ میں انہوں نے لکھا کہ حکومت نے خوردنی تیل پر امپورٹ ڈیوٹی بھی انتہائی کم کر دی ہے۔