معروف شاعر شاکر شجاع آبادی کے انتقال کی خبریں جعلی قرار

Published On 03 November,2021 08:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر جعلی خبریں چل رہی ہیں جس میں کہا جا رہا ہے کہ ملک کے معروف شاعر شاکر شجاع آبادی انتقال کر گئے ہیں، ان کے بیٹے نے بھی خبریں جعلی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ شاکر شجاع آبادی کے بیٹے اپنے والد کو موٹر سائیکل پر بیٹھا کر ہسپتال کی جانب گامزن ہیں۔ یہ ویڈیو منظر عام آنے کے بعد سندھ اور پنجاب حکومت نے معروف شاعر کے علاج کی حامی بھری تھی جو ان دنوں ملتان میں زیر علاج ہیں۔

یاد رہے کہ شاکر شجاع آبادی کی پیدائش 25 فروری 1968ء کو شجاع آباد کے چھوٹے سے گاؤں میں ہوئی جو ملتان سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

دوسری طرف شاکر شجاع آبادی سے متعلق سوشل میڈیا پر انتقال کی جعلی خبریں وائرل ہو رہی ہیں جس کی تردید ان کے بیٹے ولید نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کی۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے والد بخیریت سے ہیں اور زندہ ہیں، انتقال کی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف حکومت فوری طور پر کارروائی کرے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ میرے والد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔

مزید برآں ملتان میں نشتر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر امجد چانڈیو نے بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ معروف شاعر شاکر شجاع آبادی کا علاج چل رہا ہے اور وہ اس وقت ہسپتال کے وارڈ نمبر 11 میں زیر علاج ہیں، ان کے انتقال کی خبریں جعلی ہیں۔ وہ کافی عرصے سے اعصابی مسائل کی بیماری میں مبتلا ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے ہسپتال کا دورہ کیا تھا اور معروف شاعر کے علاج کی حامی بھری تھی اور پانچ لاکھ روپے کی امداد بھی دی تھی۔
 

Advertisement