چین کے مصنوعی سورج سے متعلق وائرل ویڈیو جعلی قرار

Published On 13 January,2022 11:43 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے مصنوعی سورج سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو جعلی قرار دیدی گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گزشتہ کئی روز سے ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس سے متعلق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ چین نے مصنوعی سورج کی تیاری کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے جبکہ اس ویڈیو میں اکثر صارفین حقیقت سمجھ بیٹھے اور اسے لائک اور ری ٹوئٹ کرنے لگ گئے۔

سوشل میڈیا پر 2.5 ملین سے زیادہ بار دیکھی جانے والی ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی جس کے کیپشن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ چین کی جانب سے بنائے گئے مصنوعی سورج نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا جب کہ کیپشن میں سورج کی تپش کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ یہ سورج سے 5 گناہ زیادہ گرم ہے۔

ویڈیو کے دوران لوگوں کو دیکھا جاسکتا ہے وہ ہاتھوں میں موبائل تھامے ساحل کنارے کھڑے یہ منظر اپنے پاس محفوظ کررہے ہیں جس میں سورج کی طرح ایک روشنی نمودار ہوتی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی فیکٹ چیک رپورٹ میں دعویٰ کو غلط قرار دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو مصنوعی سورج کی نہیں بلکہ چین کے شہر وینچانگ میں اسپیس کرافٹ لانچ سائٹ پر راکٹ لانچنگ کی ہے۔

واضح رہے کہ چین کی جانب سے تیار کیے جانے والا مصنوعی سورج ایک ایٹمی ری ایکٹر ہے ، اس میں اصلی سورج سے پانچ گنا زیادہ توانائی پیدا کی جا سکتی ہے تاہم یہ توانائی چند سیکنڈ تک ہی پیدا ہوتی ہے۔

Advertisement