لاہور: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں جعلی قرار دے دی گئیں۔
سوشل میڈیا پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی جعلی خبریں پھیلائی گئیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کرتا رہا کہ فی لٹر پٹرول کی قیمت 237 روپے 56 پیسے ہو گئی ہے۔ خبریں آتے ہی پٹرول پمپوں پر لمبی لائنیں لگ گئیں، اس کے بعد وفاقی حکومت کی طرف سے رد عمل سامنے آ گیا ہے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
In the pre-budget seminar I never even spoke about petroleum prices. Channels running these tickers are doing a disservice to their viewers. There will be no increase in prices today and there is no summary or plan to raise prices.
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) June 7, 2022
مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ میں نے پری بجٹ سمینار میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔ آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہو رہا ہے۔
دوسری طرف وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئےکہا ہےکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی قیاس آرائیاں قطعی جھوٹ ہیں۔ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافےکا کوئی فیصلہ نہیں کیا، عوام افواہوں پرکان نہ دھریں، ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیاں قطعی جھوٹ ہیں۔حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ عوام اور میڈیا سے درخواست ہے کہ افواہوں پرکان نہ دھریں۔ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں۔ افواہیں پھیلانے سے اجتناب کریں
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) June 7, 2022
اُدھر اوگرا ترجمان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی جارہیں، ملک میں پٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے، تیل کمپنیوں کو پٹرول پمپس پر تیل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔