لندن: (اظہر جاوید) سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر نے اپنی گرفتاری کی خبروں کو گمراہ کن اور مضحکہ خیز قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر لندن میں گرفتاری کی دعووں کے ردعمل میں جنید صفدر نے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں وہ لندن میں موجود ہیں، یاداشت سے عاری خبریں پھیلانے والوں کو اندازہ نہیں کہ یہ ویڈیو 2018 کی ہے جب میں پی ٹی آئی کے غنڈوں کے حملے کے جواب میں اپنا دفاع کرتے ہوئے گرفتار ہوا تھا، سکاٹ لینڈ یارڈ نے تحقیقات کرنے کے بعد مزید کارروائی نہیں کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ جعلی خبریں پھیلانے والے صحافی نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی لیکن نہ وضاحت کی نہ معافی مانگی، اس طرز عمل کے بارے میں اور کچھ نہیں کہہ سکتا۔
جنید صفدر کا کہنا ہے بدقسمتی سے ان دنوں سوشل میڈیا سیاسی مخالفین کے خلاف جعلی خبریں پھیلانے کیلئے استعمال ہوتا ہے، میری ڈگری میں دلچسپی رکھنے والے متعلقہ یونیورسٹیز سے تصدیق کرالیں۔
واضح رہے کہ جنید صفدر نے یونیورسٹی آف ڈرھم سے سیاست میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے، ایم ایس سی گلوبل اینڈ اتھیکس، یونیورسٹی کالج لندن سے کی ہے۔
یاد رہے کہ جنید کی ہتھکڑی لگی ویڈیو والا واقعہ 18 جولائی 2018 کو نواز شریف اور مریم نواز کی پاکستان روانگی کے دن پیش آیا تھا جب جنید صفدر اور ان کے دو کزنز کی ایون فیلڈ فلیٹس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کو روکنے پر ان سے ہاتھا پائی ہوئی تھی۔