تھری ایڈیئٹس کے سیکوئل کی افواہیں غلط ثابت ہوگئیں

Published On 27 March,2023 10:20 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار عامر خان، آر مدھاون اور شرمن جوشی کے تھری ایڈیٹس فلم کے سیکوئل میں کام کی افواہیں گردش میں تھیں لیکن ایک اشتہار کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد یہ غلط ثابت ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تصوراتی سپورٹس کا بھارتی پلیٹ فارم ’ڈریم 11‘ کے اشتہار کی نئی ویڈیو نے تھری ایڈیئٹس کے سیکوئل کی افواہوں کو ختم کردیا ہے جس میں اداکاروں نے کرکٹرز کو اپنے کام پر توجہ دینے کی نصحیت کی ہے کیونکہ اکثر کرکٹرز نے اب اشتہارات میں اداکاری شروع کردی ہے۔

اشتہار میں تینوں اداکار پریس کانفرنس کررہے ہیں جبکہ ساتھ ساتھ بھارتی کرکٹرز ان اداکاروں پر تنقید کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں، اشتہار میں کرکٹر روہت شرما نے اداکاروں سے متعلق کہا کہ کوئی صرف فلموں میں کھیلنے سے کرکٹر نہیں بنتا جس پر عامر خان نے جواب دیا کہ کوئی اشتہارات میں اداکاری کرنے سے بھی اداکار نہیں بنتا۔

شرمن نے کہا کہ عامر کی ہر فلم 300 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرتی ہے جب کہ مدھاون نے کہا کہ عامر خان ہی اصل ’ہٹ مین‘ ہیں، روہت نہیں، روہت شرما نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی دو سال میں صرف ایک سُپر ہٹ فلم دے کر بھی ’ہٹ مین‘ کا خطاب نہیں لے سکتا۔

اشتہار میں جسپریت بمراہ اور ہاردک پانڈیا اداکاروں کو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ ڈلیوری اور باؤنسر سے ڈرانے کی کوشش کرتے ہیں جس پر عامر خان نے کھلاڑیوں کو کھلا چیلنج دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کرینہ کپور، بومن ایرانی اور جاوید جعفری نے ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں شکایت کی گئی تھی کہ عامر، شرمن اور مدھاون ان کے بغیر ’3 ایڈیٹس‘ کا سیکوئل بنا رہے ہیں۔ تاہم اشتہار کے بعد یہ ثابت ہوگیا کہ تینوں اداکار دراصل اشتہار کیلئے شوٹنگ میں مصروف تھے۔ 

Advertisement