عامر خان نے سیاسی جماعت کو پروموٹ کرنے کی ویڈیو جعلی قرار دیدی

Published On 16 April,2024 06:46 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سپر سٹار عامر خان نے مخصوص سیاسی جماعت کو پروموٹ کرنے کی ویڈیو جعلی قرار دیدی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سپر سٹار عامر خان نے جعلی ویڈیو کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے اور کہا انہوں نے اپنے پورے کیریئر کے دوران کبھی کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کی۔

واضح رہے کہ فلم انڈسٹری میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور عامر خان نے ایک ویڈیو کو جعلی قرار دیا ہے جس میں انہیں ایک سیاسی جماعت کو پروموٹ کرتے دکھایا گیا ہے۔

عامر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حالیہ وائرل ویڈیو پریشان کُن ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عامر خان ایک مخصوص سیاسی جماعت کو پروموٹ کر رہے ہیں۔

ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ ایک جعلی اور بے بنیاد ویڈیو ہے، ہم نے اس معاملے پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور ممبئی پولیس کے سائبر کرائم سیل میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ عامر خان نے کبھی بھی کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کی لیکن وہ ہندوستانیوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں ووٹ دیں۔ 

Advertisement