خطرناک کرونا وائرس سے کس طرح بچا جائے، ماہرین نے بتا دیا

Last Updated On 23 January,2020 06:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چین کے بعد کرونا وائرس کا پاکستان پر بھی وار کا خدشہ بڑھنے لگا، طبی ماہرین نے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھ منہ دھوئیں، صاف ستھرے رہیں، ہجوم والے مقامات پر جانے سے پرہیز اور ماسک کا استعمال کریں۔

دنیا نیوز کے مطابق گانگو، زیکا وائرس، سوائن فلو کے بعد کرونا وائرس نے سر اٹھالیا۔ کرونا وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہورہا ہے۔ یہ نیا وائرس میوٹیشن یا تغیر کی صلاحیت رکھتا ہے اور انسان سے انسان میں منتقلی کی وجہ سے اس کے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے۔

یہ وائرس چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان میں ایک غیرقانونی مویشی منڈی سے شروع ہوا اور اب تک اس کے 440 مصدقہ مریض سامنے آ چکے ہیں اور 17 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ تمام آنے والے راستوں پر تھرمو سکین لگانا چاہیے۔ زمینی راستے سے آنے والے مسافروں کا معائنہ اور فضائی مسافروں سے پرفارما پر کروایا جائے۔ ہاتھ منہ دھوئیں، صاف ستھرے رہیں، ہجوم والے مقامات پر ماسک کا استعمال کریں۔

قومی ادارہ صحت نے بھی ایڈوائزی جاری کر دی۔ وزارت صحت کے مطابق صورتحال کی مسلسل نگرانی کیلئے ایمرجنسی آپریشن سیل قائم کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزاکا کہنا ہے کہ سکریننگ کیلئے تمام ائیر پورٹس پر بھی خصوصی کاوئٹر بنائے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا، احتیاطی تدابیر ہی اس سے بچاؤ کا واحد حل ہے۔