ملتان: ادویات ساز کمپنیوں نے 80 سے زائد ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد تک اضافہ کر دیا

Published On 09 September,2020 11:57 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں کورونا کو جواز بنا کر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی تاحال ادویات ساز کمپنیوں کیخلاف کارروائیاں کرنے کو تیار نہیں جس کا فائدہ اٹھا کر مختلف ادویات ساز کمپنیوں نے 80 سے زائد ادویات کی سپلائی محدود کر کے قیمتوں میں 10 سے 15 فیصد تک خود ساختہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ادویات کی قیمتیں بڑھنے سے شہریوں کیلئے بیماری کی اذیت میں مزید اضافہ ہو گیا، پہلے ہی آٹا، چینی سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کے ناک میں دم کر رکھا ہے ایسے میں ادویات کے نرخوں میں ازخود اضافہ شہریوں کی پریشانی ناقابل بیان حد تک بڑھا دی ہے۔

سی ای او ہیلتھ کا موقف ہے کہ کورونا کے باعث پہلے مرحلے میں ترجیحات تبدیل کیں تاہم موجودہ صورتحال میں ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

مارکیٹ میں دستیاب ادویات کی قیمتوں پر 10 فیصد رعایت کے فارمولے پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جا رہا جس کا شہریوں نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
 

Advertisement