ملتان: نشتر ہسپتال میں مریضوں کو مفت انسولین کی فراہمی بند، نوٹس لینے کا مطالبہ

Published On 05 November,2020 12:31 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کے نشتر ہسپتال میں مریضوں کو مفت انسولین کی فراہمی کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے اور باقی ادویات کی بھی یہی صورتحال ہے جس کا مریضوں کے لواحقین نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

نشتر ہسپتال ملتان میں گزشتہ کئی روز سے انسولین دستیاب نہیں جبکہ باقی ادویات کی بھی قلت ہے جس کی وجہ سے مفت ادویات نایاب ہونے پر مریضوں کے لواحقین کی اکثریت میڈیکل اسٹوروں پر خوار ہو رہی ہے، مہنگی ادویات کی خریداری میں مشکل پر لواحقین نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا موقف ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب سے ادویات کی بروقت ڈیمانڈ نہیں بھیجی جا رہی جس کی وجہ سے کسی حد تک مسائل سامنے آرہے ہیں تاہم ادویات کی خریداری کے حوالے سے بتیس ارب روپے مختص کیے ہیں جس سے صورتحال کافی حدتک بہتر ہو چکی ہے۔

سرکاری ہسپتالوں کے ان ڈور اور آوٹ ڈور میں تا حال مفت ادویات دستیاب نہیں جبکہ ایمرجنسی وارڈز کو بھی صرف ڈنگ ٹپاو پالیسی کے تحت ہی چلایا جارہا ہے۔
 

Advertisement