پاکستان میں پولیو کا خاتمہ، جرمن حکومت مزید 5 ملین یورو امداد دے گی

Published On 15 January,2021 06:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جرمن حکومت پاکستان کو پولیو کے خاتمے کیلئے مزید 5 ملین یورو (تقریباً 80 کروڑ روپے) دے گی۔ فنڈز بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے پولیو مہمات میں استعمال ہوگا۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر پلیتا ماہیپالا نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی پر جرمن حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، فنڈز انسداد پولیو مہمات اورٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے میں استعمال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوشش قابل ستائش ہیں۔ فنڈز سے بڑی حد تک پولیو مہمات میں بہتری آئے گی-

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر رانا صفدر نے کہا کہ فنڈز پر جرمن عوام کے شکر گزار ہیں۔ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں جرمن حکومت کا بڑا کردار ہے۔ جرمنی پولیو کے خاتمہ کے لئےاب تک 691 ملین امریکی ڈالر امداد کر چکا ہے۔
 

Advertisement