کورونا ویکسین لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، برطانوی اسلامی میڈیکل ایسوسی ایشن

Published On 10 March,2021 09:05 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے رائے دی ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے العریبیہ اردو کے مطابق برطانوی اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں اسلامی علما سے مشورہ کیا ہے جس کے بعد ایک بیان کے ذریعے اسے عوام تک پہنچایا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کو محض روزہ دار ہونے کی وجہ سے کورونا ویکسین لگوانے کا عمل موخر نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر پٹھوں اور جوڑوں میں ویکسین کا انجیکشن لگایا جائے تو اس سے روزے پر کچھ فرق نہیں پڑتا، خواہ ٹیکے میں لگایا گیا مواد دوران خون میں شامل ہو جائے تو تب بھی روزہ نہیں ٹوٹتا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کورونا ویکسین صرف پٹھوں ہی میں لگائی جا رہی ہے، اس لیے اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

اسلامی میڈیکل ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ کورونا ویکیسن کو نہ لگوانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ یہ حلال اجزا پر مشتمل ہے اور علما کی رائے میں اس کو روزے کی حالت میں بھی لگوایا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی افتاء کونسل نے ایک فتویٰ جاری کیا تھا جس میں مسلمانوں پر زور دیا گیا تھا کہ کورونا وائرس ویکسین میں اگر بعض غیر حلال اجزا بھی شامل ہیں تو وہ تب بھی اس کو تحفظِ صحت کے لیے ضرور لگوائیں کیونکہ اس سے پوری آبادی کا تحفظ مقصود ہے۔

 

Advertisement