فیصل آباد: رورل ہیلتھ سینٹروں میں ڈاکٹرز کی کمی کے سبب بڑے ہسپتالوں میں مریض خوار

Published On 15 March,2021 10:58 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے رورل ہیلتھ سینٹروں پر ڈاکٹرز کی کمی کے باعث بڑے ہسپتالوں میں شہری خوار ہورہے ہیں۔ رورل ہیلتھ سینٹروں میں میڈیکل آفسیرز نہ ہونے کی وجہ سے 5 تھانوں کے میڈیکلز تھانہ سمن آباد میں ہونے لگے جس سے ریڈیالوجی وارڈ میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سمن آباد ہسپتال میں سہولیات کے فقدان نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ ہسپتال کے ریڈیالوجی وارڈ میں پوشیدہ بیماریوں کی تشخیص کے لئے جہاں ایکسرے، خون اور دیگر بیماریوں کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ وہیں 5 تھانوں کے میڈیکولیگز بھی کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ریڈیالوجی وارڈ میں مریضوں کا رش انتہائی بڑھ چکا ہے۔ شہری کہتے ہیں کئی کئی گھنٹے انتظار کرنے کے بعد مایوس گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 2 تھانوں کے سمن آباد اور فیکٹری ایریا کے میڈیکلز ان کے ہسپتال میں ہوتے ہیں تاہم قریبی ہیلتھ سینٹروں پر میڈِکل آفیسرز نہ ہونے کی وجہ سے مزید 3تھانوں کے کیس بھی ادھر ریفر ہورہے ہیں جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ شہری کہتے ہیں حکومت معاملے کا نوٹس لے تاکہ انکی مشکلات کم ہوسکیں۔
 

Advertisement