خیبرپختونخوا: کورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد نہ ہونے سے کیسز میں اضافہ

Published On 26 March,2021 08:43 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ ہونے سے کیسزمیں اضافہ ہونے لگا، پشاورکے دو بڑے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے بیڈز کم پڑ گئے، شہریوں نے بروقت سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔

خیبرپختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، پشاور کے بڑے ہسپتال خیبرٹیچنگ کےآئسولیشن وارڈ میں بیڈز مریضوں سے بھر گئے، دیگر بڑے ہسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز میں بھی بیڈز کی تعداد کم پڑنے لگی۔

پشاورکے بڑے ہسپتالوں کے اعدادو شمار کے مطابق خیبرٹیچنگ ہسپتال میں کورونا مریضوں کیلئے 106 بیڈز مختص کئے گئے تھے جس میں سے 104 پر کورونا سے متاثرہ مریض زیرعلاج ہیں، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے آئسولیشن وارڈ میں بیڈزکی تعداد 130 ہے جبکہ 118 مریض زیرعلاج ہیں، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں کورونا کیلئےمختص 240 بیڈزمیں سے 140مریضوں کے زیراستعمال ہیں۔

صوبے میں کورونا وائرس کے کیسزمیں اضافے اوربگڑتی صورتحال کے پیش نظرشہریوں نے بھی حکومت سے ہسپتالوں میں بیڈزاوروینٹی لیٹرز کی تعدادبڑھانے کا مطالبہ کردیا۔

خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 82 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ایکٹوکیسز کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے بڑھ گئی، کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد بھی 2 ہزار250 تک پہنچ گئی ہے۔

 

Advertisement